ملتان ایونیو،معیار اور رفتار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،کمشنر نے تمام سرگرمیوں کی مرحلہ وار ٹائم لائن طلب کرلی

تازہ ترینساؤتھ نیوزملتان

ملتان : وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے تحت جنوبی پنجاب کے منفرد ملتان ایونیو گرین کوریڈور منصوبے پر کام تیزی سے جاری ہے۔ منصوبے کی پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کمشنر ملتان عامر کریم خاں کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں منصوبے کی تکمیل کے مختلف مراحل کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں کمشنر عامر کریم خاں نے منصوبے سے متعلق تمام سرگرمیوں کی مرحلہ وار ٹائم لائن طلب کرتے ہوئے ہدایت کی کہ مقررہ شیڈول کے مطابق ہر مرحلہ بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ملتان ایونیو جنوبی پنجاب کا منفرد گرین کوریڈور منصوبہ ہے، جس کے معیار اور رفتار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

کمشنر نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ گرین کوریڈور میں شجرکاری، ٹرفنگ اور بینچز کی تنصیب کا کام فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ منصوبے کی خوبصورتی اور عوامی سہولت میں اضافہ ہو۔

انہوں نے تعمیراتی سرگرمیوں کو مزید تیز کرنے کے لیے رات کے اوقات میں بھی کام جاری رکھنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے۔