حسین آگاہی بازار ملتان میں ترقیاتی کام تیز، سڑک بند، ٹف ٹائلز کی تنصیب جاری، ٹریفک فری ماڈل بازار بنانے کی تجاویز زیر غور

تازہ ترینساؤتھ نیوزملتانویڈیوز

ملتان: ملتان کے تاریخی حسین آگاہی بازار میں جاری ترقیاتی منصوبے کے تحت تعمیراتی سرگرمیوں میں تیزی آ گئی ہے۔ بازار کی مرکزی سڑک کو عارضی طور پر ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے جبکہ حسین آگاہی سے گھنٹہ گھر تک ٹف ٹائلز بچھانے کا کام جاری ہے۔

موقع پر جاری کام کے مطابق بازار کے اطراف موجود فٹ پاتھ اور دکانوں کے سامنے بنے تھڑے بھی مسمار کر دیے گئے ہیں تاکہ پورے علاقے میں یکساں انداز میں ٹف ٹائلز نصب کی جا سکیں۔ انتظامیہ نے دکانداروں کو بھی ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی اشیاء دکانوں کی حدود کے اندر رکھیں تاکہ تعمیراتی کام میں کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔

منصوبے کے تحت تاریخی قلعہ ملتان کی فصیل کے ساتھ واقع وسیع پارکنگ ایریا کی بھی ازسرنو تعمیر کی جا رہی ہے، جس سے نہ صرف پارکنگ کی بہتر سہولت فراہم ہوگی بلکہ تاریخی مقام کی خوبصورتی میں بھی اضافہ متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق انتظامیہ مستقبل میں حسین آگاہی بازار کو ماڈل بازار بنانے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں بازار کو جزوی یا مکمل طور پر ٹریفک فری قرار دینے سمیت مختلف تجاویز زیر غور ہیں۔ اگر یہ منصوبہ منظور ہوتا ہے تو شہری مخصوص پارکنگ پوائنٹس تک گاڑیاں کھڑی کر کے آگے پیدل شاپنگ کے لیے جا سکیں گے۔

ترقیاتی منصوبے کے تحت روایتی کارپٹ روڈ کی بجائے ٹف ٹائلز لگائی جا رہی ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ اگر کام موجودہ رفتار سے جاری رہا تو آئندہ چند روز میں سڑک اور فٹ پاتھ کی تعمیر مکمل کر لی جائے گی، جس کے بعد بازار کو جدید، خوبصورت اور پیدل چلنے والوں کے لیے زیادہ موزوں تجارتی مرکز کی شکل دی جائے گی۔