بلاول بھٹو کے تنقید پر مریم اورنگزیب کا ویڈیو جواب، پنجاب کے مختلف شہروں کی صورتحال دکھا دی

اہم خبریںپاکستانتازہ ترین

لاہور: پنجاب کے مختلف شہروں کی صورتحال سے متعلق پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی تنقید پر پنجاب کی سینئر وزیر مریم اورنگزیب نے ویڈیوز جاری کرتے ہوئے اپنے مؤقف کا اظہار کیا ہے۔

آزاد کشمیر میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کے دوران بلاول بھٹو زرداری نے لاہور کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں میں ترقیاتی کاموں، صفائی اور شہری سہولیات کی صورتحال پر سوالات اٹھائے تھے۔

بلاول بھٹو کے بیان کے بعد مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹس پر مختلف شہروں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ پنجاب حکومت شہری سہولیات کی بہتری، صفائی اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے خاص طور پر وہاڑی اور قصور سے متعلق بلاول بھٹو کے سوالات کا جواب انہی شہروں کی سڑکوں، گلیوں، صفائی اور دیگر شہری انتظامات کی ویڈیوز شیئر کرکے دیا۔

مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیوز میں مختلف علاقوں میں صفائی ستھرائی، بہتر سڑکوں اور شہری سہولیات کو نمایاں کیا گیا، جبکہ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب حکومت عوام کو بہتر بلدیاتی خدمات فراہم کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہی ہے۔

دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے جلسے میں کیے گئے تنقیدی بیانات اور مریم اورنگزیب کی ویڈیوز کے بعد یہ معاملہ سیاسی حلقوں اور سوشل میڈیا پر زیر بحث آ گیا ہے، جہاں مختلف سیاسی جماعتوں کے حامی اپنے اپنے مؤقف کا اظہار کر رہے ہیں۔