فیفا کی نئی عالمی درجہ بندی جاری، عالمی چیمپئن اسپین پہلی پوزیشن پر قابض

اہم خبریںپاکستانتازہ تریندنیاکھیل

زیورخ: فٹ بال ورلڈ کپ 2026ء کے اختتام کے بعد فیفا نے نئی عالمی درجہ بندی جاری کر دی، جس میں عالمی چیمپئن اسپین نے شاندار ترقی کرتے ہوئے ارجنٹینا سے پہلی پوزیشن چھین لی۔

فیفا کی تازہ درجہ بندی کے مطابق اسپین ایک درجہ ترقی کے بعد دنیا کی نمبر ایک ٹیم بن گئی ہے، جبکہ ارجنٹینا ایک درجہ تنزلی کے ساتھ دوسرے نمبر پر آ گئی۔

درجہ بندی میں فرانس نے اپنی تیسری جبکہ انگلینڈ نے چوتھی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔

برازیل اور مراکش نے بھی ایک، ایک درجہ بہتری حاصل کرتے ہوئے بالترتیب پانچویں اور چھٹی پوزیشن سنبھال لی ہے۔

دوسری جانب پرتگال دو درجے تنزلی کے بعد ساتویں نمبر پر چلی گئی، جبکہ میکسیکو نے ورلڈ کپ میں عمدہ کارکردگی کی بدولت چار درجے ترقی کرتے ہوئے پہلی دس ٹیموں میں جگہ بنا لی۔

فیفا کی تازہ فہرست کے مطابق ناروے نے سب سے نمایاں پیش رفت کرتے ہوئے 12 درجے ترقی حاصل کی اور اب وہ عالمی درجہ بندی میں 19 ویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔

ماہرین کے مطابق ورلڈ کپ میں مختلف ٹیموں کی کارکردگی نے عالمی درجہ بندی میں نمایاں تبدیلیاں پیدا کی ہیں، جبکہ آنے والے بین الاقوامی مقابلوں میں ان ٹیموں کی پوزیشن مزید تبدیل ہونے کا امکان بھی موجود ہے۔