ڈگری کیس: جسٹس طارق جہانگیری نے اسلام آباد ہائیکورٹ کا حکم وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس طارق جہانگیری نے اپنے خلاف زیرِ سماعت ڈگری تنازع سے متعلق ہائیکورٹ کی کارروائی کو وفاقی آئینی عدالت میں چیلنج کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 9 دسمبر کو جاری ہونے والے دو رکنی بینچ کے حکمنامے کے خلاف آئینی اپیل دائر کی ہے۔
اپیل میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست قابلِ سماعت ہی نہیں، لہٰذا جسٹس طارق جہانگیری کے خلاف دائر رِٹ درخواست کو خارج کیا جائے۔
دوسری جانب جسٹس طارق جہانگیری نے ہائیکورٹ کی کارروائی کو چیلنج کرنے کے لیے تین سینئر وکلا پر مشتمل قانونی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔ اس ٹیم میں اکرم شیخ اور بیرسٹر صلاح الدین اسلام آباد ہائیکورٹ میں ان کی نمائندگی کریں گے، جبکہ وفاقی آئینی عدالت میں عزیر بھنڈاری جسٹس جہانگیری کی جانب سے مقدمہ پیش کریں گے۔
جسٹس طارق جہانگیری نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس سرفراز ڈوگر کی سربراہی میں بنچ سے علیحدگی کی درخواست بھی دائر کی ہے۔ انہوں نے ڈگری کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ تشکیل دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا ہے کہ فل کورٹ میں چیف جسٹس سمیت ٹرانسفر ہو کر آنے والے ججز کو شامل نہ کیا جائے۔
مزید برآں، جسٹس طارق جہانگیری نے جواب جمع کرانے کے لیے مہلت دینے کی بھی درخواست کی ہے اور مؤقف اختیار کیا ہے کہ سندھ ہائیکورٹ میں زیرِ سماعت کیس کے فیصلے تک اس معاملے کی سماعت ملتوی کی جائے۔
یاد رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں ہونے والی گزشتہ سماعت کے دوران جسٹس طارق جہانگیری نے بنچ میں چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی موجودگی پر اعتراض اٹھاتے ہوئے بنچ پر عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا۔
