امریکی سپریم کورٹ کا اہم فیصلہ، ٹرمپ کی ملک بدری پالیسی کو گرین سگنل
واشنگٹن: امریکی سپریم کورٹ نے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی تارکین وطن کی ملک بدری کی پالیسی کو قانونی طور پر درست قرار دیتے ہوئے اس پر عمل درآمد کی اجازت دے دی۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق سپریم کورٹ کا یہ فیصلہ ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی کے لیے ایک بڑی عدالتی فتح ثابت ہوا ہے۔ اس سے قبل، گزشتہ ماہ سپریم کورٹ نے ٹرمپ انتظامیہ کو پناہ گزینوں کی ملک بدری روکنے کا حکم دیا تھا، جس کے تحت تقریباً پانچ لاکھ غیرقانونی تارکین وطن کو اپنی حیثیت قانونی بنانے یا 24 اپریل تک ملک چھوڑنے کی مہلت دی گئی تھی۔
سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اقتدار میں رہتے ہوئے امریکی تاریخ کی سب سے بڑی ملک بدری مہم شروع کرنے اور بالخصوص لاطینی امریکی ممالک سے داخل ہونے والے غیرقانونی تارکین وطن کو واپس بھیجنے کا اعلان کیا تھا۔ تاہم، سپریم کورٹ نے ماضی میں ’ایلین اینیمیز ایکٹ‘ کے تحت ٹرمپ کو اس طرح کی ملک بدریوں سے روک دیا تھا۔
عدالتی فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹرمپ نے کہا تھا کہ جج حضرات مجھے وہ اقدامات نہیں کرنے دے رہے جن کا مینڈیٹ امریکی عوام نے مجھے دیا تھا۔
