شاہد آفریدی کا ہیئر اسٹائل امریکہ میں بھی مقبول
سابق کپتان اور پاکستان کے مایہ ناز کرکٹر شاہد آفریدی کے ہیئر اسٹائل کی شہرت امریکا تک پہنچ گئی۔
ساجد شکیل
14 فروری 2023
سماجی رابطوں کی ویب سائٹ پر بوم بوم شاہد آفریدی اور بھارتی اداکاروں کی تصاویر پر مبنی ایک بورڈ کی تصویر وائرل ہے۔نیویارک کی ایک سڑک پر واقع باربر شاپ کے باہر بورڈ پر پرنٹ تصاویر میں شاہد آفریدی کی تصویر بھی شامل ہے، جو کہ تصاویر کی ترتیب میں پہلے نمبر پر ہے۔
امریکا میں اس بنگالی حجام نے اپنی دکان میں شاہد آفریدی اور بھارتی اداکاروں کی تصاویر کا انتخاب اپنے گاہکوں کے لیے کیا ہے۔ بورڈ پر مختلف اسٹائل کی ہیئر کٹنگ پر مبنی 9 تصاویر شامل کی گئی ہیں، جن میں سب سے پہلے شاہد آفریدی کی تصویر ہے۔
حجام اپنے گاہکوں سے پہلے سوال کرتا ہے کہ وہ ان تصاویر میں سے کس شخصیت کے جیسی ہیئر کٹنگ کروانا چاہتے ہیں۔ تصاویر میں شاہد آفریدی کے علاوہ بھارتی اداکار سلمان خان اور عمران ہاشمی کی تصاویر بھی شامل ہیں۔
واضح رہے کہ شاہد آفریدی کی گزشتہ دنوں کراچی میں ہونے والے تبلیغی اجتماع میں شرکت کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھیں
