وینزویلا بحران،عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی
وینزویلا میں پیدا ہونے والے شدید سیاسی بحران کے اثرات عالمی تیل منڈی پر بھی مرتب ہوئے ہیں، جس کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایشیائی مارکیٹ میں برینٹ خام تیل کی قیمت میں 0.63 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی، جس کے بعد برینٹ آئل 60.37 ڈالر فی بیرل میں فروخت ہوا۔
اسی طرح ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ (WTI) خام تیل کی قیمت میں بھی 0.70 فیصد کمی دیکھنے میں آئی، جس کے بعد ڈبلیو ٹی آئی خام تیل کی فی بیرل قیمت 56.92 ڈالر تک گر گئی۔
رپورٹس کے مطابق وینزویلا میں صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہو گئی جب امریکی فوج نے دارالحکومت سمیت مختلف علاقوں میں حملے کیے۔ بتایا جا رہا ہے کہ صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کو گرفتار کر کے امریکا منتقل کر دیا گیا ہے۔
دارالحکومت کاراکس میں متعدد دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں جبکہ مختلف علاقوں میں جنگی طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں یہ کارروائیاں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے احکامات پر کی گئیں، اور کاراکس میں کم از کم سات دھماکے رپورٹ ہوئے ہیں۔
سیاسی اور عسکری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں پر دباؤ برقرار ہے۔
