پی ایچ ایف کا پرولیگ کے تمام مالی انتظامات اسپورٹس بورڈ کو دینے کا فیصلہ
پاکستان ہاکی فیڈریشن (PHF) نے FIH پرو لیگ 2025-26 میں شمولیت کے لیے تمام انتظامات پاکستان اسپورٹس بورڈ کے سپرد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاکہ حکومت کی طرف سے فراہم کردہ مالی معاونت کا صاف شفاف استعمال یقینی بنایا جا سکے۔
ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ فیڈریشن نے ماضی میں سامنے آنے والے کرپشن الزامات اور ان پر کی گئی آڈٹ رپورٹس کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا ہے۔ PHF کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد صرف قومی کھیل کو فروغ دینا اور ملک کا نام روشن کرنا ہے، نہ کہ مالی معاملات میں شفافیت پر سوال اٹھنے کا موقع دینا۔
فیڈریشن نے واضح کیا کہ اب وہ صرف پاکستان ہاکی کی ترقی اور عالمی سطح پر ٹیم کی بہتر کارکردگی پر توجہ مرکوز کرے گی، جبکہ پرو لیگ کے سفر، تیاری اور دیگر مالی انتظامات کا مکمل انحصار پاکستان اسپورٹس بورڈ پر ہوگا۔
انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی جانب سے پاکستان کی پرو لیگ میں شرکت کی تصدیق
یاد رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ایف ائی ایچ پرو لیگ 2025-26 میں حصہ لینے کی تصدیق کی ہے ۔ یہ پاکستان کی اس لیگ میں پہلی شرکت ہوگی، اور اس موقع پر ٹیم کو نیو زی لینڈ کی جگہ مدعو کیا گیا، جو 2024-25 FIH نیشنز کپ کے چیمپیئن ہونے کے باوجود مالی مشکلات کے باعث حصہ لینے سے دستبردار ہوگیا تھا۔
پاکستان پرو لیگ میں بھارت، ارجنٹینا، آسٹریلیا، بیلجیئم، انگلینڈ، جرمنی، نیدرلینڈز اور اسپین کے خلاف مقابلے کرے گا۔ ہر ٹیم 16 میچز کھیلتی ہے اور سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم چیمپیئن بنے گی۔ یہ لیگ 2028 کے لاس اینجلس اولمپکس کے لیے کوالیفائنگ ایونٹ بھی ہے۔
فیڈرل حکومت نے پاکستان ہاکی ٹیم کی تیاری اور سفر کے انتظامات کے لیے 25 کروڑ روپے کی مالی معاونت منظور کی ہے۔ FIH کے صدر طیب اکرام نے پاکستان کی پرو لیگ میں واپسی کو عالمی ہاکی کے لیے ایک اہم سنگ میل قرار دیا اور کہا کہ پاکستان کی موجودگی لیگ کی کشش اور عالمی اہمیت میں اضافہ کرے گی۔